اسلام آباد( فاروق اقدس/ خصوصی رپورٹ ) پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے بارے میں مہ نوشی کے حوالے سے کبھی کوئی مصدقہ الزام سامنے نہیں آیا تاہم مختلف شعبوں میں انکے بعض ہم عصر قریبی دوست اور سیاسی مخالفین نشے کے دوسرے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں جن کے ثبوت کبھی سامنے نہیں آئے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ عمران خان کے بارے میں ان کیساتھ شراب نوشی کا انکشاف کرنیوالے کا تعلق کرکٹ کے شعبے سے ہے اور نہ ہی انکا شمار ان کے ہم عصروں میں کیا جاتا ہے انکا حوالہ محض ایک سنیئرو با صلاحیت ٹی وی فنکار کا ہے۔
ٹی وی ڈراموں کا ایک معروف اور مانوس چہرہ بہروز سبز واری نے انکشاف کیا ہےکہ انہوں نے کئی مرتبہ عمران خان کیساتھ بیٹھ کر شراب پی ہے، یہ برملا اعتراف کسی انکشاف سے کم نہیں کہ بہروز سبزواری خود بھی شراب پیتے ہیں کیونکہ انکا تعلق ایک قدامت پسند گھرانے سے ہے اور وہ خود بھی اچھی ساکھ کے مالک ہیں۔
اپنےاور عمران خان کے بارے میں شراب نوشی کا یہ انکشاف بہروز سبزواری نے اپنے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا جس میں انہوں نےدعویٰ کرتے ہوئے انکشاف کیاکہ خان صاحب نے کبھی ایک ڈرنک سے زیادہ نہیں پی،آخر میں ہمیشہ سچ کی جیت ہوتی ہے یہ قیدی نمبر 804 جیتے گا، آپ لکھ لیں، کیونکہ وہ سچا ہے، میں نے شوکت خانم میں عمران خان کیساتھ 24 سال گزارے ہیں،08-2007 میں ایم کیو ایم نے کراچی میں عمران خان کا داخلہ بند کر رکھا تھا تو میں نے خان صاحب سے کہا آپ کیساتھ کیا مسئلہ ہے آپ میڈیا پر الطاف حسین کو کیوں برا بھلا کہتے رہتے ہیں ،عمران خان نے جواب دیا کہ یار تجھے نہیں پتا اور گالیاں دینے لگے میں نےانہیں کہا یہ بات ہمیں بھی پتا ہے بہت برے ہیں لیکن آپکو کہنے کی کیا ضرورت ہے لیکن انہوں نے نہیں سنا حالانکہ میں درست بات کہہ رہا تھا،خان صاحب کی خامی یہی ہے کہ ان میں لچک نہیں ہے،دوسرا ان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ کوکین لیتا ہے۔