کراچی(اسٹاف رپورٹر) دیگر کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے ۔ سابق اسکواش چیمپئن جہانگیرخان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم ہمیں اچھی خبر سنائے گی۔ ورلڈ کپ چیمپئن ہاکی ٹیم کے کپتان اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ قوم پھر منتظر ہے کہ ٹیم دوبارہ عالمی چیمپئن بن کو واپس لوٹے گی ۔ سابق اولمپئن سمیع اللہ کہتے ہیں کہ ہمیں اس ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور یہ ہماری امیدوں پر پورا اترے گی۔ ٹینس گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے اعصام الحق ، جیولن تھرو کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، کوہ پیما شہروز کاشف اور خواتین فٹبال ٹیم کی سابق کپتان حاجرہ خان نے بھی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔