لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس مری میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں مری کی قدیمی اور تاریخی عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مری میں دنیا کی بہترین سٹریٹ کے ماڈل پر مری سٹریٹ قائم کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں جدید ترین سمارٹ ٹرام چلانے پر اتفاق کیا گیا اور 15روز میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ کا نیا ڈیزائن تیار کرنے کا حکم دیا جس سے 1500سے زائد گاڑیوں کی گنجائش ہوگی۔ پارکنگ پلازہ سے سیاح جدید ٹرام پر مری تک آجا سکیں گے۔ اجلاس میں مری کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل کاؤنٹنگ کیمرے کی تنصیب کے لئے 15 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے،مری ٹریفک مینجمنٹ کے پلان کی منظوری دی گئی جبکہ مری کیبل کار سروس مرمت کے بعد بحالی فٹنس سرٹیفکیٹ سے مشروط ہوگی۔