• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر ایم کیو ایم ارکان کا احتجاج، شور، واک آؤٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی،کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر ایم کیو ایم ارکان کا احتجاج ،شور شرابے کے بعد واک آوٹ،ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا رہا، اسپیکر کی تنبیہ کو بھی نظر انداز کردیا گیا ،تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کو کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد کی جانیں جانے پر اپوزیشن کے ارکان نے سخت احتجاج کیا، اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ یہ کسی ایک شخص کے قتل کا معاملہ نہیں شہر میں 70جانوں کا مسئلہ ہے جو اسٹریٹ کرمنلز ہاتھوں مارے گئے،وزیر اعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم ارکان کے احتجاج اور شور شرابے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ طریقہ درست نہیں کہ اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر اس طرح احتجاج کریں۔اپوزیشن ارکان نے احتجاج کے دوران ان مقتولین کی تصاویر بھی اٹھارکھی تھیں جو حالیہ واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔وزیر داخلہ ضیا لنجار نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے ، پولیس جرائم کی روک تھام کے لئے بڑی محنت سے کام کررہی ہے اور جلد صورتحال میں نمایاں بہتری نظر آئے گی ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس سہ پہر تین بجے کے مقررہ وقت پر اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔
اہم خبریں سے مزید