نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد، نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے قانون سازوں کی جانب سے نریندر مودی کو باضابطہ طور پر تیسری بار وزیراعظم نامزد کر دیا گیا جس کے بعد بھارتی صدر دروپدی مرمو نے مودی کو آج حکومت سازی کی دعوت دے دی،نریندر مودی جواہر لال نہرو کے بعد تیسری بار وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہونے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہوں گے ۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس میں نریندر مودی نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور خاص طور پر کانگریس پارٹی کا نام لے کر تنقید کا نشانہ بنایا، مودی نے اس بات کا خیال بھی نہیں رکھا کہ انتخابات اب ختم ہوچکے ہیں اور اس اہم موقع پر جب انہیں تیسری بار وزیراعظم نامزد کیا جارہا ہے، وہ جمہوریت کی کامیابی کی بات کرنے کے بجائے اپوزیشن پر تنقید کرتے رہے۔