کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے نرسری شارع فیصل پر زیر تعمیر ہائی رائز بلڈنگز کے تعمیراتی ملبہ پر اظہار ناراضی کیا ہے، انہوں نے گودھرا روڈ ( 7000 روڈ) اور بابا موڑ اجمیر نگری روڈ کی ناقص حالت کا معائنہ بھی کیا، کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چیف ایگزیکیٹو واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن صلاح الدین احمد مینجگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز علی شاہ ڈائریکڑ جنرل بلدیہ عظمی کراچی اور ڈپٹی کمشنرز کے ہمراد شہر کے تین اضلاع وسطی شرقی اور جنوبی کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت تعمیراتی ملبہ کی روک تھام اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا، خاص طور پر شارع فیصل اور شاہراہ قائدین پر صفائی، پودوں اور درختوں کی دیکھ بھال اورفٹ پاتھوں کی حالت کا معائنہ کیا، انھوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل اور شاہراہ قائدین پر بلدیہ عظمی گرین بیلٹ، سینٹرل ریزر ویشن کو سر سبز رکھنے کے لئے متعین عملہ کو چوکس رکھے،کمشنر کو بتایا گیا کہ ان دونوں سڑکوں کی حالت برسوں سے خراب ہے اور شہریوں کو ان کی وجہ سے دشواریون کا سامنا ہے ٹریفک کے مسائل بھی ہیں گودھرا روڈ پر دو کلو میٹر اور بابا موڑ اجمیر نگری روڈ پر ڈیڑھ کلو میٹر حصہ پر مرمت کی ضرورت ہے کمشنر نے ڈپٹی کمشنر وسطی فواد غفار سومرو کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ بلدیات اور بلدیہ عظمی کے ساتھ رابطہ سے اقدامات کریں۔