• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو یارک کی ڈراپ ان پچ، 5 میچ کوئی بھی ٹیم ڈیڑھ سو رنز نہ بنا سکی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں نیویارک کا نساو اسٹیڈیم اپنے لو اسکورنگ میچوں کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔پاکستانی ٹیم اتوار کو اس گراونڈ کی ڈراپ ان پچ پر کم اسکور کے باوجود چھ رنز سے ہار گئی۔ڈراپ ان پچ کو آسٹریلوی مٹی کی مدد سے فلوریڈا میں ایڈیلیڈ کے کیو ریٹر نے تیار کیا پھر اسے نیویارک منتقل کیا گیا لیکن اس پچ پر ابھی پانچ میچوں میں کوئی بھی ٹیم ایک اننگز میں ڈیڑھ سو رنز نہیں بناسکی ہے۔ڈراپ ان پچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں عام استعمال کی جاتی ہیں لیکن دوسرے بر اعظم سے مٹی لاکر پچ بنانے کا تجربہ آئی سی سی پر سوالات اٹھا رہا ہے۔ڈراپ اِن پچ رنز کی شرح کم ہونے کہ وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔ کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ ایسی جگہ جہاں نئی نئی کرکٹ کھیلی جا رہی ہو اس جگہ کے لیے ڈراپ اِن پچ موزوں نہیں ہےپھر نیورک کی پچ خطرناک بھی ہے جس میں گیند اچانک اٹھ جاتی ہے جس پر کئی بیٹسمین زخمی ہوچکے ہیں۔ڈراپ اِن پچ‘ معمول میں استعمال ہونے والی پچ سے کوئی خاص مختلف نہیں ہوتی لیکن اسے کرکٹ کے میدان سے باہر کسی فیکٹری یا مخصوص ماحول والی جگہ پر مصنوعی طریقے سے ایک سانچے میںتیار کیا جاتا ہے۔بوقتِ ضرورت اس ڈراپ ان پچ کو گراؤنڈ میں پہنچا کر کرین کی مدد سے نصب کر دیا جاتا ہے اور استعمال کے بعد یہ دوبارہ اُکھاڑ دی جاتی ہے۔ڈراپ اِن پچ کا استعمال زیادہ تر ان میدانوں میں کیا جاتا ہے جن پر کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیل بھی کھیلے جاتے ہوں۔ ابتدائی طور پر سال 1977میں کیری پیکر کی جانب سے شروع ہونے والی کیری پیکر سیریز کے دوران ’ڈارپ اِن پچز‘ کو متعارف کروایا گیا تھا۔آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے انعقاد کے لیے جب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹیسٹ وینیوز دینے سے انکار کر دیا تو کیری پیکر ورلڈ سیریز کا انعقاد ان میدانوں پر کیا گیا جو کہ بنیادی طور پر فٹبال یا دوسرے کھیلوں کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ایسے میں اس ورلڈ سیریز کے لیے گراؤنڈ سے باہر پچز تیار کروا کر ان میدانوں میں نصب کی گئیں۔عام طور پرآسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں موسم گرما کے دوران کرکٹ کھیلی جاتی ہے جبکہ موسم سرما میں یہ میدان فٹبال کے لیے استعمال ہوتے ہیں اسی وجہ سے آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ اور نیوزی لینڈ میں ڈراپ اِن پچز کو استعمال کیا جاتا ہے۔ ورلڈ کپ کے رواں سیزن کے موقع پر نیویارک کی پچ ڈراپ ان ہے جبکہ ڈیلس اور میامی کے گراونڈ میں ٹرف وکٹیں ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید