اسلام آباد (صالح ظافر) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو تیسری مدت کیلئے اپنی حلف برداری میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔ تقریب پیر کی شام منعقد ہوگی۔ مودی نے پاکستان کے علاوہ تمام پڑوسی ممالک کی حکومتوں کے سربراہان کو مدعو کیا ہے جنہوں نے اس میں شرکت کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اتوار کی صبح جنگ سے بات چیت میں تصدیق کی اور واضح کیا کہ اس معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اب تک مودی کو ان کے انتخاب پر مبارکباد کا پیغام نہیں بھیجا۔ 2019ء میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد پاکستان اور بھارت نے اگست 2019ء میں اپنے تعلقات ناظم الامور کی سطح تک نیچے کر دیے تھے۔ پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو ملک بدر کر دیا جبکہ بھارت نے بھی جوابی اقدام کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کو نکال دیا۔