برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپین پارلیمنٹ کے الیکشن میں یورپ نواز پارٹیوں نے میدان مار لیا۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق ،اس الیکشن میںیورپین پیپلز پارٹی سب سے بڑے گروپ کے طور پر سامنے آئی ہے جس نے پارلیمنٹ میں 180سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں۔جبکہ سوشلسٹ ڈیموکریٹ (ایس اینڈ ڈی) گروپ دوسرے اور رینیو یورپ گروپ تیسرے نمبر پر رہا۔ان انتخابات میں یورپین یونین کے 27 رکن ممالک میں سے یورپین پارلیمنٹ کی 720 نشستوں کیلئے جن دیگر گروپوں نے سیٹیں جیتی ہیں، ان میں ای سی آر گروپ، گرینز، لیفٹ اور آئی ڈی گروپس شامل ہیں۔جبکہ بہت سے ایسے ارکان بھی منتخب ہوئے ہیں جن کا کسی گروپ سے کوئی تعلق نہیں۔اب تک کے غیر حتمی نتائج کے مطابق ان انتخابات میں ری نیو گروپ ، آئیڈینٹٹی گروپ اور گذشتہ پارلیمنٹ کے نان الائیڈ گروپ اپنی نشستوں سے محروم ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پارلیمنٹ کے سب سے بڑے ای پی پی گروپ کے سربراہ مین فریڈ ویبر نے عندیہ دیا ہے کہ ان کی جانب سے یورپین کمیشن کی موجودہ صدر ارسلا واندرلین ہی اگلی ٹرم کیلئے بھی یورپین کمیشن کی سربراہ ہونگی۔