کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی انگلینڈ، اٹلی اور امریکا کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے اور پاکستان ٹیم میں بہتری کے حوالے سے انہوں نے بورڈ عہدیداروں ، سابق کرکٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کردی ہے۔ وہ جلد اپنے مستقبل کے وژن کا اعلان کریں گے۔ امکان ہے عنقریب اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی۔ عید کے بعد بلا تاخیر بڑے فیصلے اور ’’بڑی‘‘ قربانیاں متوقع ہیں۔ پاکستان ٹیم کے ورلڈکپ میں آخری میچ کے بعد وہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں گے ۔ پاکستان ٹیم کو اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریزکھیلنا ہے۔ اگلے ماہ پاکستان آکر ہیڈکوچ جیسن گلیپسی ٹیم کا ٹیسٹ میچوں کے لئے چارج سنبھالیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی کے کئی کھلاڑی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ بابر اعظم کا ٹیسٹ ٹیم میں شان مسعود کی کپتانی میں عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کو اہم ترین مشن قرار دے کر حالیہ پرفارمنس کے حوالے سے مشاورت شروع کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ اور ٹیم میں سیاست اور گروپنگ کا خاتمہ اولین ترجیح قرار دی جارہی ہے۔ بھارت کے میچ کے بعد اور وطن واپسی سے قبل انہوں نے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن، بابر اعظم اور سینئر منیجر وہاب ریاض سے بھی بات چیت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم انتظامیہ، سلیکشن کمیٹی اور کھلاڑیوں میں تبدیلی کی جائے گی۔