کراچی (اسٹاف رہورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کا ایک ایشین ٹیم کو اپ سیٹ کرنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ اس گراؤنڈ پر سب سے بڑا ہدف عبور ہوا۔ فیورٹ بھارت نے میزبان ٹیم کو سات وکٹ سے شکست دے کر سپرایٹ کھیلنے کا اعزازحاصل کرلیا ۔ پاکستان کے سپر ایٹ میں کوالی فائی کرنے کے امکانات ابھی موجود ہیں لیکن جمعے اور اتوار کے میچوں کے نتائج اہم ہوں گے۔ سوریا کمار یادیو 50 اور شیوام ڈوبے نے 31 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔۔ بھارتی ٹیم تین میچ جیت کر ناقابل شکست ہے جبکہ دو میچ جیتنے والی امریکی ٹیم کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 111 رنز کا ہدف بھارت نے 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ امریکاکے سوربھ نیٹراوالکر نے ویرات کوہلی کو صفر اور کپتان روہت شرما کو تین رن پرآؤٹ کرکے سنسنی پھیلادی۔ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔22ر نز پر سوریا کمار کا آسان کیچ ڈراپ ہوا جو ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ بدھ کو امریکا نے 8 وکٹ پر 110 رنز بنائے۔ نتیش کمار 27 اور اسٹیون ٹیلر 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ارشدیپ سنگھ نے9رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔