• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طبی آلات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنا درست نہیں، ڈاکٹر ندیم

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف کارڈیالوجی ڈاکٹر ندیم رضوی نے کہا ہے کہ اسٹنٹس، پیس میکر اور دل کے امراض کے تحفظ کیلئے درآمد کیے جانے والے طبی آلات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنا درست فیصلہ نہیں ہے،کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونا بدقسمتی نہیں ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی پچھلے ڈھائی تین ماہ کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، پاکستان ٹیم کو اس طرح چلایا جارہا ہے جیسے گھر کی ٹیم ہو، پاکستان کرکٹ ٹیم میں میرٹ کا قتل عام کیا گیا،سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے پاکستان ٹیم کا باہر ہونا بدقسمتی نہیں ہے، ہم 1992ء سے لے کر ہم اگر مگر پر ہی چلتے آئے ہیں، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دو غلطیاں کیں جس کا نتیجہ سامنے آگیا ہے۔ معروف کارڈیالوجی ڈاکٹر ندیم رضوی نے کہا کہ اسٹنٹس، پیس میکر اور دل کے امراض کے تحفظ کیلئے درآمد کیے جانے والے طبی آلات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنا درست فیصلہ نہیں ہے، ہارٹ اٹیک کی 80فیصد انجیو پلاسٹی پبلک سیکٹر میں ہوتی ہیں، کراچی اور اندرون سندھ میں بیس ہزار ہارٹ اٹیک کی انجیو پلاسٹی ہوتی ہے جس میں کم از کم ایک سے دو اسٹنٹس لگتے ہیں، ان آلات پر ٹیکس لگانے کا مطالبہ زندگیوں کے تحفظ پر ٹیکس لگانا ہے۔ ڈاکٹر ندیم رضوی کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور ملائیشیا میں ان طبی آلات پر کوئی ٹیکس نہیں ہے، مجھے لگتا ہے طبی آلات پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرتے ہوئے ٹھیک طرح سوچ و بچار نہیں کی گئی۔کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونا بدقسمتی نہیں ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی پچھلے ڈھائی تین ماہ کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، پاکستان ٹیم کو اس طرح چلایا جارہا ہے جیسے گھر کی ٹیم ہو، پاکستان کرکٹ ٹیم میں میرٹ کا قتل عام کیا گیا، ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو موقع نہیں دیا گیا، چھ آٹھ کے ٹولے نے ٹیم کو مسلسل ہائی جیک کیا ہوا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اچھی ٹیموں نے اگلے مرحلہ کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید