کراچی(عبدالماجد بھٹی)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دکھا کر پہلے راونڈ سے باہر ہونے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ایک ساتھ وطن واپس نہیں لوٹیں گے بلکہ ٹولیوں کی شکل میں آئیں گےاور امکان ہے کہ کھلاڑی چھوٹے چھوٹے گروپس کی شکل میں واپس آئیں گے۔
کپتان بابر اعظم امریکا میں چند دن قیام کریں گے۔وہ اپنے والد والدہ اور بھائیوںکے ساتھ چھٹیاں گذاریں گے۔کچھ کھلاڑی امریکا میں قیام کریں گے اور بعض انگلینڈ جائیں گےہیڈ کوچ گیری کرسٹین ٹورنامنٹ کے بعدکیپ ٹاون چلے جائیں گے۔
اسٹنٹ کوچ اظہر محمود اور محمد عامرانگلینڈ جائیں گے عامر نے کاونٹی کرکٹ کھیلنا ہے۔تاہم وطن واپس آنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان میں شائقین کے ممکنہ ردعمل کی وجہ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے پہلے راونڈ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم پیر کو وطن واپس روانہ ہوگی کھلاڑی دبئی سے مختلف فلائٹس کے ذریعے لاہور،کراچی اور اسلام آباد پہنچیں گے۔تاہم ٹیم انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اور آفیشلز گروپس کی شکل میں لوٹیں گے اور پاکستان آنے والے کرکٹرز کو پبلک مقامات اور تقریبات میں غیر ضروری جانے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے وطن واپسی پر انہیں ایئر پورٹ پر سیکیورٹی دی جائے گی۔
دوسری جانب لورڈر ہل میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے کرفیو اوقات نہیں ہے۔عینی شاہدین کے مطابق کپتان بابر اعظم آئر لینڈ کے میچ سے قبل رات گئے ہوٹل سے باہر رہے اور ایک گھنٹے کے فاصلے پر میامی میں دوستوں کے ساتھ دکھائی دیئے۔البتہ کھلاڑیوں کو ذہنی تناو سے نکالنے کے لئے ٹیم انتظامیہ نے ڈنر کا اہتمام کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے کئی کھلاڑی اپنے اہل خانہ کے ساتھ امریکا میں ہیں۔محمد رضوان،فخر زمان،حارث روف، اظہر محمود،محمد عامر، سنیئر منیجروہاب ریاض اپنے اہل خانہ کے ساتھ ورلڈ کپ کے دوران موجود ہیں۔
حارث کے بیگم ساتھ ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی بیگمات اور بچے ساتھ ہیں۔میچوں کے بعد کھلاڑی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھومتے دکھائی دیئے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی اپنے بیگم کے ساتھ امریکا میں موجود تھے۔
امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے جنگ کو بتایا کہ امریکا کے ہاتھوں شکست کے بعد کھلاڑی فورا ڈیلس کے ہوٹل سے ایک دعوت میں ریسٹورنٹ میں موجود تھے۔
واضع رہے کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے اہل خانہ کی موجودگی حیران کن تھی کیوں کہ ان کی توجہ کھیل کے ساتھ اہل خانہ پر بھی تھی اور اہل خانہ نے زیادہ تر ٹیم کے ساتھ فلائٹس پر سفر کیا ٹیم کی ایک وین میں اکثر فیملیاں سفر کرتی تھیں۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے اخراجات انہوں نے خود ادا کئے۔