پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے ردعمل میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ٹیم کی خراب کارکردگی کے ذمہ دار براہ راست مینڈیٹ چور اور محسن نقوی ہیں، جس بورڈ کےسربراہ محسن نقوی ہو اس سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، محسن نقوی کو چیئرمین کا عہدہ سازشی ٹولے نے مینڈیٹ چوری کے انعام میں دیا تھا، نااہل ٹولے نے کرکٹ کے شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، محسن نقوی نے ٹیم کی بڑی سرجری کا شوشہ چھوڑا ہے، سرجری خود محسن نقوی، شریف فیملی اور پوری سازشی ٹولے کی ہونا چاہئے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہاکہ مینڈیٹ چور وزیراعظم نے ملک کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچائے ہیں، ٹیم کی خراب کارکردگی کے ذمہ دار براہ راست مینڈیٹ چور اور محسن نقوی ہیں، محسن نقوی کو فوری استعفی دینا چاہیے۔