اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا،محسن نقوی کا چینی سفارت خانے کا دورہ،چینی سفیر کوسی پیک پرکام کرنیوالےچینی بھائیوں کے سکیورٹی پلان پر بریف کیا،محسن نقوی نے کہاکہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لئے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے۔ چین کے صدر،وزیراعظم اور اعلی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اتوار کو وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا،چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وفاقی وزیرداخلہ اور چینی سفیر نے ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے بات چیت کی ، پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے کئےاقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی پیک اور دیگر منصوبوں پرکام کرنے والےچینی انجینئرز اور عملے کے سکیورٹی پلان پر بھی بریف کیا۔چینی سفیر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔کوشش ہے کہ کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے۔پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نا ہونے دیں گے۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں۔پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور چینی سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔