• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیر کے اعزاز میں ضیافت کی حکومتی دعوت، علی ظفر نے مسترد کر دی

اسلام آباد (صالح ظافر) پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما بیرسٹر سید علی ظفر نے حکومت کی جانب سے چینی وزیربرائے عالمی امور لیوجاچاؤ کے اعزاز میں دی جانے والی ضیافت میں شامل ہونے کے دعوت نامے کو مسترد کر دیا ہے۔ 

یہ دعوت نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ اجلاس کے دوران پیش کی تھی ۔

 انہوں نے یہ دعوت بیرسٹر سید علی ظفر کو ایک خصوصی بات چیت کے دوران دی ۔بیرسٹر ظفر نے دی نیوز کو بتایا کہ سینیٹر ڈار نے انہیں پی ٹی آئی کے حوالے سے دعوت دی تھی جس میں وزیراعظم شہبازشریف بھی شامل ہوں گے ۔

سینیٹر علی ظفر کے مطابق وہ پارٹی کی آمادگی کے بغیر دعوت قبول نہیں کر سکتے تاہم وہ اپنی پارٹی قیادت کو حکومتی پیشکش کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

دلچسپ امریہ ہے کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے پی ٹی آئی ایک پالیسی کے طور پر تمام سرکاری تقریبات، ضیافتوں کا بائیکاٹ کر تی آرہی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما دورے پر آئے ہونے رہنماؤں کے اعزاز میں دی گئی ضیافتوں میں شمولیت سے انکار کرتے آئے ہیں۔

 ذرائع بے بتایا ہے کہ سینیٹر اسحق ڈار نے پی ٹی آئی کے رہنما سے کہا تھا کہ پاکستان کی چین سے سے قربت اور خصوصی تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو چین اور دنیا پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے کہ پوری قوم چین کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

 واضح رہے کہ معروف سیاسی جماعتوں کے رہنما اس ضیافت میں شرکت کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید