• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلند عمارتوں کی تعمیر سے بلدیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں، میئر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ریٹائرڈ افسران و ملازمین کے ساڑھے دس ارب روپے کےبقایا جات کے لیے حکومت سندھ ڈیڑھ ارب روپے کا پیکیج جلد دے گی ،آئندہ مالی سال میں ترقیاتی اسکیمیں سٹی کونسل میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے سے شروع کی جائیں گی، شہر میں بلند و بالا عمارتیں تعمیر ہونے سے بلدیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں، بغیر ماسٹر لیز کے شہر میں کئی عمارتیں تعمیر ہورہی ہیں جنہیں قوانین کے تحت لانے کے لیے سٹی کونسل کے ممبران مدد کریں، یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سٹی کونسل میں قائد حزب اختلاف سیف الدین ایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلامیے کے مطابق میئر کراچی اور قائد حزب اختلاف کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، میئر نے کہا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں جاری 210 ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے گا جبکہ ڈھائی بلین روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سٹی کونسل میں قائد حزب اختلاف سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹاؤنز اور یوسیز میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کرائے جانے چاہئیں،علاوہ ازیں مختلف برساتی نالوں کا دورہ کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا ہے کہ برساتی نالوں کی صفائی کا عمل جاری ہے، بھاری مشینری اور مینول طریقے سے برساتی نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کیا جارہا ہے، کے ایم سی 46 بڑے نالوں اور 500 چھوٹے نالوں کو صاف کررہی ہے، بارشیں شروع ہونے سے قبل نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید