کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی سی بی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے حوالے سے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی رپورٹ کے بعد ٹیم میں تبدیلی اور کھلاڑیوں کو ڈراپ کئے جانے کے بارے میں فیصلہ کرے گا، بورڈ فی الحال ہیڈ کوچ کی رپورٹ کا منتظرہے۔ جس کی روشنی میں ٹیم میں آپریشن کا عمل شروع کیا جائے گا، ٹیم کی ناقص کار کردگی پر بورڈ کے حکام سخت موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں ،ذرائع کے مطابق مستقبل کے فیصلوں کیلئے گیری کرسٹن کی رپورٹ کو اہم قرار دیا جارہا ہے جنہوں نے بعض کھلاڑیوں کے بارے میں اچھی رائے کا اظہار نہیں کیا، ان کی رپورٹ کی روشنی میں فیصلے کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران گیری کرسٹن سے رپورٹ پر تفصیلی بات بھی کریں گے جبکہ فیصلوں سے قبل سنیئر منیجر وہاب ریاض کی رپورٹ بھی دیکھی جائے گی۔ بورڈ نے رپورٹس نہ ملنے کی وجہ سے اب تک اپنے فیصلوں کا اعلان نہیں کیا، کھلاڑیوں کو آئندہ سیریز سے ڈراپ کرنے اور سینٹرل کنٹریکٹ میں ردو بدل کا فیصلہ ہو گا۔ذرائع نے بتایاکہ کرکٹرز تنزلی ہونے پر سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش قبول کرنے سے انکار بھی کر سکتے ہیں، کھلاڑی کنٹریکٹ کی پابندیوں سے آزاد ہو کر کھیلنے کو ترجیح دے سکتے ہیں۔خیال رہےکہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے تک رسائی میں ناکام رہی تھی، پاکستان کو پہلے راؤنڈ کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ ٹیم بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لئے پہلے مرحلے میں کچھ کھلاڑیوں کو جن میں بڑے نام بھی شامل ہیں آرام کرایا جائے گا۔