• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ کا پری سیزن فٹنس اور پاکستان شاہینز ٹریننگ کیمپ کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ اور پاکستان شاہینز کے ٹریننگ کیمپ کا اعلان کر دیا ہے جو کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگایا جائے گا۔پری سیزن کیمپ میں 25 کرکٹرز شرکت کریں گے اور یہ 24 جون سے 7 جولائی تک جاری رہے گا ۔ ان25 کھلاڑیوں کو مختصر کرکے 15 رکنی پاکستان شاہینز اسکواڈ میں تبدیل کردیا جائے گا جو 8 سے 13 جولائی تک تربیتی کیمپ میں ڈارون آسٹریلیا کے دورے کی تیاری کرے گا۔پاکستان شاہینز 14 جولائی سے 18 اگست تک ڈارون کا دورہ کرے گی۔ڈارون میں پاکستان شاہینز بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچز کھیلے گی جبکہ 50 اوورز کے دو میچز ناردن ٹیریٹری اور بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی اس کے علاوہ وہ نو ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں بھی شرکت کرے گی۔پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی 8 سے 13جولائی تک پاکستان شاہینز کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کریں گے اور ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ڈارون بھی جائیں گے۔ وہ 29 جولائی کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے یہاں انہیں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہے۔ پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کی نگرانی محمد مسرور کریں گے جو اسسٹنٹ کوچ اور منیجر کے طور پر ڈارون جائیں گے۔ عبدالرحمٰن وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر 28 جولائی کو ڈارون میں دو ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کو جوائن کریں گے۔قومی ٹیم کے کھلاڑی جو اس وقت برطانیہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ کھلاڑی جو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024میں کھیلے ہیں انہیں پری سیزن کیمپ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔قومی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کے لیے کھلاڑ یوں میں عبداللہ شفیق، فیصل اکرم، حسیب اللہ، حنین شاہ، امام الحق، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حارث ، محمد حریرہ ، وسیم جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، ثمین گل، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، طیب طاہر، عمر امین، عثمان قادر اور زاہد محمودشامل ہیں۔ اگلے ہفتے کیمپ میں مزید ایک کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا۔پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں میںحسیب اللہ ، حنین شاہ، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین کو رکھا گیا ہےکپتان اور ایک اور کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید