اسلام آباد(این این آئی)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سی پیک سے متعلق انٹیلی جنس کی ناکامی پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے فوری طور پر فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر آکر چینی وزیر نے سیکورٹی کا معاملہ اٹھایا جو کہ تشویشناک ہے، سی پیک منصوبہ پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، پی ٹی آئی حکومت میں 426.4 ارب روپے کی ریکوری ہوئی تھی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چینی رہنما پاکستان اور آئے اور انہوں نے جو چیز باور کرائی جسے اخبارات نے رپورٹ کیا، وہ یہ ہے کہ قومی معاشی ترقی اور سی پیک کیلئے سیکورٹی اور استحکام ضروری ہے، چینی عہدیدار کی جانب سے پاکستان میں آکر یہ پیغام دینا، اس سے یہ بات سمجھ آتی ہے کہ یہ سب سے اہم بات ہے، سی پیک جوکہ ملک کیلئے انتہائی اہم ہے، اس کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ اپنا گھر درست کریں، ورنہ سی پیک اور مستقبل کی سرمایہ کاری خطرے میں ہے۔