پشاور(صباح نیوز)پشاورکے عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت اور واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی کے بل پورے ادا کئے جاتے ہیں اور بجلی چوری بھی نہ ہونے کے برابر ہے وہاں لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے یا شیڈول کے مطابق کی جائے ۔واضح رہے کہ اندرون شہری علاقوں ہشت نگری،لاہوری گیٹ سمیت شہر کے وسط میں واقع علاقوں میں بجلی کے بل مقررہ تاریخ تک ادا کر دیئے جاتے ہیں جبکہ بجلی چوری بھی نہ ہونے کے برابر ہے اس کے باوجود مذکورہ علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے جو عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے جبکہ گرڈ سٹیشنوں پر سیکورٹی کے موثر انتظامات کے مطالبات بھی کئے ہیں کیونکہ گزشتہ روز رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پر پیش آنے والے واقعات کے بعد شہری علاقوں میں مسلسل 9گھنٹے تک بجلی بند رہی اور بجلی کی خرابی رات گئے تقریبا12بجے دور کی گئی جس کے باعث گھروں میں موجود خواتین،بچوں اور ضعیف العمر افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی ۔