اسلام آباد (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ عمران خان بطور وزیر اعظم الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہو رہے تھے، انٹراپارٹی الیکشن نہ کرواکرخودکشی کی گئی؟مخصوص نشستوں سے متعلق آئین واضح ہے، کوئی جج آئین سے ہٹ کر فیصلہ نہیں دے سکتا، تحریک انصاف کے صدر تھے انھوں نے الیکشن کی تاریخ کیوں نہیں دی، پی ٹی آئی نے تو انتخابات رکوانے کی کوشش کی تھی،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا جب پی ٹی آئی نے الیکشن نہیں لڑا تو کیس تحریک انصاف کا کیسے؟ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا پورا معاملہ کنفیوژن کا شکار اسوقت ہوا جب انتخابی نشان واپس لے لیا گیا، جسٹس منیب اختر نے کہا کمیشن نے پی ٹی آئی امیدواروں کو آزاد قرار دیا جو عدالتی فیصلے کی خطرناک تشریح ہے،سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے کہا الیکشن کمیشن پاکستان نے مخصوص نشستوں سے متعلق آئین کو نظر انداز کیا۔ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی،جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید،جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 13رکنی فل کورٹ بنچ نے پیر کے روزکیس کی سماعت کی ۔ سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی کی جانب سے اپنے دلائل میں جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ فیصلوں میں آئینی تشریح کی قدرتی حدود سے مطابقت پر زور دیا گیا۔ وکیل فیصل صدیقی کا کہنا تھا آرٹیکل 51 اور 106 سے تین ضروری نکات بتانا ضروری ہیں، آزاد امیدوار کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعت کی غلط تشریح دی ہے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق آئین کو نظرانداز کیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے وکیل فیصل صدیقی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن یا آپ کیا سوچ رہے ہیں وہ چھوڑ دیں، الیکشن کمیشن بھی آئین پر انحصار کرے گا، الیکشن کمیشن آئین کی غلط تشریح بھی کر سکتا ہے، عدالت کسی کی طرف سےآئین کی تشریح پر انحصار نہیں کرتی، آپ اپنی نہیں آئین کے مطابق تشریح بتائیں، الیکشن کمیشن کو چھوڑ دیں، اپنی بات کریں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا آئین کے مطابق بتائیں سنی اتحاد کو مخصوص نشستیں کیسے مل سکتی ہیں؟پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے اصول پر ہوں گی، نشستیں ہر جماعت کی دی گئی فہرست کے مطابق ہوں گی، ہر جماعت کو اپنی جنرل نشستوں کے حساب سے ہی مخصوص نشستیں آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد ملیں گی۔