کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے پلان کی اصولی منظوری دے دی ۔ انھوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ لازمی کھیلنا ہوگی ۔ ماضی میں ملک کے اکثر صف اول کے کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے گریز کرتے تھے۔ اتوار کی شب پی سی بی کے اعلی سطح اجلاس میں ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر بھی نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ میرٹ، کارکردگی اور فٹنس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں تین گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں حیران کن طور پر وہاب ریاض شریک نہ تھے تاہم سلیکٹر اسد شفیق کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان شریک ہوئے باقی تمام نان کرکٹرز موجود تھے۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی اس قسم کے فیصلوں کا اعلان ہوتا رہا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے گا اور کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کوچنگ کا معیار بھی بہتر بنانے اور ان کی ٹریننگ کیلئے ماسٹر کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کے خدوخال کا جائزہ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا۔