کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی نے انوکھا قانون بنایا ہے۔ ورلڈکپ کے دونوں سیمی فائنلز کیلئے صورتحال بالکل مختلف ہے، افغانستان اور جنوبی افریقا کے میچ کیلئے اضافی دن رکھا گیا ہے لیکن بھارت اور انگلینڈ کے دوسرے سیمی فائنل کے لیے کوئی اضافی دن نہیں ہو گا ۔ دونوں سیمی فائنل میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ اگر بارش کی وجہ سے دونوں سیمی فائنل نہیں ہوسکے تو سپر ایٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں (بھارت اور جنوبی افریقا) فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گی، اور اگر کسی وجہ سے فائنل بھی نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیمیں مشترکہ طور پر ٹی20 ورلڈکپ چیمپئن قرار دی جائیں گی۔ اسی طرح اگر دوسر ا سیمی فائنل نہ کھیلا جاسکا تو بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچ جائیگی۔ گیانا میں اسے مرضی سے سیمی فائنل دیا گیا ہے جو بھارت میں شام کے اوقات میں پرائم ٹائم میں کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل اور فائنل میچ کو مکمل کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو کم سے کم 10 اوورز کھیلنا لازمی ہیں، سپر ایٹ اور گروپ مرحلے میں 5 اوورز فی اننگز کھیلنا لازمی تھا۔