• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارگل جنگ میں سپورٹ پر بھارت غزہ جنگ میں اسرائیل کو اسلحہ دے رہا ہے: سابق اسرائیلی سفیر

پشاور ( مانیٹر نگ نیوز ) بھارت کی جانب سے 1999 کی کارگل جنگ میں اسرائیلی تعاون پر اب غزہ جنگ کے لیے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔یہ دعویٰ اسرائیل کے ایک سابق سفیر Daniel Carmon نے کیا جو بھارت میں بھی تعینات رہ چکے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں Daniel Carmon نے کہا کہ اسرائیل ان چند ممالک میں سے ایک تھا جس نے کارگل جنگ کے دوران بھارت کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔2014 سے 2018 کے دوران بھارت میں اسرائیلی سفیر کے طور پر کام کرنے والے Daniel Carmon نے کہا کہ ʼبھارتیوں کی جانب سے ہمیں ہمیشہ یاد دلایا جاتا تھا کہ اسرائیل کارگل جنگ کے دوران ہمارے ساتھ تھا، بھارتی کبھی اس بات کو بھول نہیں سکتے اور اب وہ ممکنہ طور پر احسان کا بدلا چکا رہے ہیںʼ۔سابق اسرائیلی سفیر کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے غزہ جنگ کے لیے ڈرونز اور گولہ بارود اسرائیل کو سپلائی کیا گیا ہے۔فروری 2024 میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے اسرائیل کو 20 جدید ترین Hermes 900 ڈرونز فراہم کیے گئے تھے۔یہ ڈرونز حیدرآباد دکن کی فیکٹری میں تیار کیے گئے اور اس فیکٹری کو اسرائیل نے ہی قائم کیا تھا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق مئی میں اسپین نے ایک مال بردار بحری جہاز کو بھارت سے اسرائیل جاتے ہوئے روکا تھا۔
پشاور سے مزید