پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوان سید فخر جہان نے ا رباب نیاز سٹیڈیم پشاور کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کامعائنہ کیا۔چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس،ڈائریکٹر ورکس سپورٹس اور ٹھیکیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔مشیر کھیل نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں میں تزئین وآرائش اور دیگر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اورجاری کام کی جلد از جلد تکمیل کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔مشیر کھیل نے کہا کہ صوبے کے اس اہم سٹیڈیم کے تعمیراتی کام میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے تاکہ اسے انٹرنیشنل کرکٹ اور مختلف لیگز میچز کیلئے جلد از جلد تیار کیا جاسکے،حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ہر حالت میں صوبے کے اس اہم گراؤنڈ کو عالمی معیار اور سہولیات کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ یہاں انٹر نیشنل کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد عنقریب ممکن ہوسکے۔