• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی میں قرارداد سے پہلے امریکی سفیر کی اسحاق ڈار سے ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں امریکا مخالف قرارداد سے پہلے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دو طرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا اور تعلقات کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں،امریکی کانگریس کو پاک امریکا تعلقات میں مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے،ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ حکومت نے رضوان سعید کو واشنگٹن میں نیا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے،پاکستان غزہ سے اسرائیلی فورسز کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے امریکی کانگریس نے زمینی حقائق کو جانے بغیر قرارداد منظور کی۔ امریکا سے ہمارے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں۔ ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دینے کی پالیسی پر کاربند رہا جائے تو تعلقات بہتر رہتے ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے قرارداد پاکستان کے داخلی امور میں غیر ضروری مداخلت ہے۔ دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان غزہ سے اسرائیلی فورسز کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتا ہے۔ فلسطین پر اقوام متحدہ کی انکوائری رپورٹ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔ وقت ہے کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ عاصم افتخار کو نیویارک اقوام متحدہ میں پاکستان کا ایڈیشنل مستقل مندوب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عاصم افتخار مناسب وقت پر مستقل مندوب کا عہدہ سنبھالیں گے، تقرریوں کا اعلان معمول کے مطابق ہے، تعیناتیاں متعدد ہفتوں سے زیر غور تھیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جمہوری حقوق کی عدم فراہمی پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند ہونا چاہیے، پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان یقینی بنائے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنیکی اجازت نہیں دے گا۔

اہم خبریں سے مزید