ممبئی (جنگ نیوز) ویسٹ انڈیز میں ٹی 20ورلڈکپ فائنل سے قبل بھارت اور دنیا کے مختلف ممالک میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کے حامیوں نے فائنل میں اپنی ٹیم کی جیت کیلئے خصوصی عبادات کیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کئی پرستاروں کی جانب سے روزہ رکھنے کی اطلاعات بھی تھیں ۔ ہفتے کو غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی نیوز چینلز نے بار بار شائقین کی آگ کے گرد بیٹھ کر ہندو مذہب کی رسومات ادا کرتے تصاویر نشر کیں۔ شائقین کو ورلڈ کپ ٹرافی تھامے بھارتی کپتان روہت شرما کی پھولوں کے ہاروں سے سجی کچھ تصاویر کو اٹھائے دکھایا گیا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے پرستاروں نے اپنے اپنے طریقے سے ٹیم کی جیت کیلئے دعائیں کیں۔