کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 عالمی چیمپئن بننے پر جشن جاری ہے۔ چھوٹی کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز جیتنے پر پہلے ہی مالامال بھارتی کرکٹرز مزید نہال ہوگئے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر 125 کروڑ روپے کی خطیر رقم کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے سوشل میڈیا پر انعام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم نے غیر معمولی ٹیلنٹ اسپورٹس مین شپ اور جذبے کا مظاہرہ کیا ، تمام کھلاڑیوں کوچز اور سپورٹ اسٹاف کو غیر معمولی کارنامے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے بعد وزیراعظم مودی نے بھی بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے اور چیمپئن بننے کے بعد ریٹائرمنٹ لینے والے بھارتی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور ہیڈ کوچ کے طور پر اپنا فاتحانہ اختتام کرنے والے راہول ڈریوڈ کو الگ الگ فون کر کے مبارکباد پیش کی۔ عالمی چیمپئن بننے کے بعد پلیئرز نے مختلف انداز سے خوشی منائی، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سوریا کمار یادیو اور ان کی اہلیہ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹرافی درمیان میں رکھ کر سونے کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔ سوریا کمار اور ان کی اہلیہ دیویشا کمار یادیو کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ دیویشا کمار یادیو نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تصاویر جاری کی ہیں جس میں ٹرافی دونوں میاں بیوی کے درمیان موجود ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد کوہلی نے بارباڈوس کے میدان میں ہی موبائل پر اپنی فیملی سے ویڈیو کال پر گفتگو کی۔ بظاہر اپنے بچوں اور اہلیہ سے گفتگو کرتے وقت ویرات کوہلی کے دلچسپ انداز کیمرے میں محفوظ ہوگئے۔ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد جسپریت بمرا نے اپنا میڈل ایک سالہ بیٹے انگاد کو پہنا دیا۔ بمرا نے بیٹے کو گود میں اٹھائے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ان کی اہلیہ سنجنا گنیسن آئی سی سی ڈیجیٹل کی میزبان ہیں۔ ورلڈ کپ کے بعد سنجنا نے اپنے شوہر جسپریت بمرا کا انٹرویو بھی کیا۔ انٹرویو کے بعد جذباتی ہوکر بمرا نے اپنی اہلیہ کو گلے لگا لیا۔