• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس استعداد رکھنے والے 45 لاکھ افراد کی نشاندہی، نیٹ میں لائیں گے، وزیراعظم، چوری روکنے کیلئے FBR میں بڑے اقدامات

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس استعداد رکھنے والوں کو ٹیکس نیٹ لائینگے، اربوں روپے کی ٹیکس چوری روکنے کیلئے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹیکس چوری میں ملوث لوگوں کے ساتھ ساتھ اس جرم میں ان کا ساتھ دینے والے افسران و اہلکاروں کو بھی سزا ملے گی، عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈالنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، ٹیکس چوری کا تخمینہ اور اسکی روک تھام کی جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایف بی آر کی اصلاحات پر اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے نفاذ کے دوران 45 لاکھ ایسے افراد کی نشاندہی کی جا چکی جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں مگر ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کے جاری ڈیجیٹائزیشن کے عمل اور اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے لوگ (نان فائلرز ) جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور گوشوارے جمع نہیں کرواتے انہیں فوری طور پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، کسٹمز اپریزرز کا صوابدیدی اختیار فوری طور پر ختم کیا جائے، چیئرمین ایف بی آر آئندہ 24گھنٹے میں ان ہدایات کے نفاذ کو یقینی بنا کر رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ٹیکس دہندگان جو بروقت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہیں ان کی ا س امر کیلئے پذیرائی کی جائے گی، بندرگاہوں پر جدید اور بین الاقوامی معیار کے سکینرز لگائے جائیں جس سے نظام میں شفافیت اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کا تخمینہ اور اسکی روک تھام کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے، اربوں روپے کی ٹیکس چوری کو روکنے کیلئے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اہم خبریں سے مزید