• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں غیر اعلانیہ طویل لوڈشیدنگ، پانی کی بھی قلت، شہریوں کا احتجاج، کئی سڑکیں بند

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کیا جس کے سبب بدترین ٹریفک جام ہوگیا، شہریوں نے کئی سڑکیں بند کرکے ٹائر جلائے ، مظاہروں کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا، شہریوں نے کے الیکٹرک اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق ہجرت کالونی اور سلطان آباد کے مکین بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف بڑی تعداد میں جمعہ کی نماز کے ایم ٹی خان روڈ پیٹرول پمپ کے سامنے نکل آئے اور ایم ٹی خان روڈ پر احتجاج شروع کردیا ۔مظاہرین نے ایم ٹی خان روڈ کر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا ۔احتجاج کے باعث آئی سی آئی پل تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، مائی کلاچی،بوٹ بیسن ، پی آئی ڈی سی اور شاہین کمپلیکس پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں 12 سے 14گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت اور انتظامیہ فی الفور بجلی کی بندش کا نوٹس لے اور بجلی کی بندش کا خاتمہ کیا جائے۔ احتجاج کی اطلاع پر ٹریفک پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو متبادل راستوں ٹائر کمپنی سے آئی آئی چندریگر روڈ اور پی آئی ڈی سی سے شاہین کمپلیکس کی جانب بھیجا گیا ، علاقہ پولیس نے مظاہرین کو بات چیت کے ذریعے منتشر کیا اور سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول کر سڑک پر ٹریفک روانی بحال کروائی۔ احتجاج چار گھنٹے سے زائد تک جاری رہا۔ یونیورسٹی روڈ موسمیات کے قریب پانی و بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور موسمیات موڑ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا ۔
اہم خبریں سے مزید