کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت کے ایک ہفتے بعد نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل بھارتی کرکٹ ٹیم کو زمبابوے کے ہاتھوں حیران کن طور پر13رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جیت کے ہیرو پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا تھے۔ انہوں نے19گیندوں پر17رنز بنائے اور25رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ہفتے کو ہرارے میں زمبابوےنے9وکٹ پر115رنز بنائے جواب میں بھارتی ٹیم ایک گیند پہلے102رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔زمبابوے کی جانب سے کلائیو مناڈے 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں عالمی چیمپئن ٹیم آخری اوور میں102رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شبمن گل 31رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ تین بیٹسمین صفر پر آوٹ ہوئے اور سات بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔زمبابوے کے سکندر رضا اور ٹینڈائی چتارا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سکندر رضا کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا کوئی پلیئر میچ میں شامل نہیں تھا۔ 2016 کے بعد کسی بھی فارمیٹ میں بھارت کے خلاف زمبابوے کی یہ پہلی فتح ہے۔