• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، یو این اسکول پر بمباری، 24 گھنٹوں میں 5 صحافی، درجنوں فلسطینی شہید

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کے اسکول پر پھر بمباری کردی ، 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 5 صحافیوں سمیت 30سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، شہید صحافیوں میں فلسطینی میاں بیوی بھی شامل ہیں جو اپنے بچوں سمیت نصیرت کیمپ میں صیہونی فورسز کے حملوں کا نشانہ بنے۔ نصیرت کیمپ میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کی فلسطینی امدادی ایجنسی اونرا کے تحت چلنے والے اسکول پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں کم از کم 16فلسطینی شہید اور 50سے زائد زخمی ہوگئے جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے ۔اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپیڈ نے تل ابیب میں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ہے ، مظاہرین غزہ میں حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے ۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کے سیاسی حزب اختلاف کے رہنما یائر لاپڈ کو تل ابیب کی سڑکوں سے ایک بڑے ہجوم میں چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت حماس کے ساتھ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کے بدلے غزہ میں قید اسرائیلی اسیران کی واپسی کے لئے معاہدہ کرے۔اسرائیلی آرمی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ لبنان کے بعلبیک میں اسرائیلی حملےمیں حزب اللہ کے فضائی دفاعی نظام کے ساتھ کام کرنے والے ایک سینئر انجینئر کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ لبنانی میڈیا کے مطابق حملے میں ایک نوجوان شہید ہوا ہے ۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے لبنان کی کفارچوبہ پہاڑیوں میں اسرائیلی فوجی مقام پر میزائل حملہ کیا ہے، جس پر اسرائیل کا قبضہ ہے۔ گروپ نے دعویٰ کیا کہ ہفتے کی شام کئے گئے اس حملے کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔

دنیا بھر سے سے مزید