اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے،چین سے معاہدوں میں عملدرآمد پر تعطل برداشت نہیں، نگرانی خود کرونگا، مقامی ذخائر سے پیداوار سے پاکستان کا قیمتی زرمبادلہ بچے گا اور عام آدمی کیلئے ایندھن اور گیس سستے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم اور گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات اور اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسکے موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم اور گیس کمپنیاں آئندہ تین برس میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی، ملکی و غیر ملکی پٹرولیم اور گیس کے تلاش و پیداواری شعبے نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے پٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دیدی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پٹرولیم اور گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ،ملاقات میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان کیساتھ ساتھ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، سردار اویس خان لغاری، گورنر اسٹیٹ بنک جمیل احمد، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام شریک تھے ۔پٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کا پاکستان میں آئندہ تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پٹرولیم اور گیس کی پاکستان میں تلاش کیلئے 240 جگہ کھدائی کی جائے گی۔ وفد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ پہلے وزیرِ اعظم ہیں جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے پٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے جس میں متعلقہ حکام، سیکرٹریز اور ماہرین شامل ہونگے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان میں مقامی طور پر پٹرولیم کی یومیہ پیداوار 70998 بیرل جبکہ 3131 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس پیدا کی جا رہی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بنک نے اجلاس کو بتایا کہ وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر تیل اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے منافع کی مد میں تمام ترسیلات زر ان کے ممالک میں بھجوائی جا چکی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو شعبے کے تمام مسائل حل کرنے اور تشکیل شدہ کمیٹی کو پالیسی تجاویز جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین میں طے پائے تعاون کے معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورہِ چین کے دوران طے شدہ معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائیگا اور عملدرآمد کی میں خود نگرانی کرونگا،پاکستان چین کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے،آئی ٹی،مواصلات، معدنیات ،کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔