• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے عوام کی پریشانی سے آگاہ ہوں، وزیراعظم شہباز شریف

لاہور ( پرویز بشیر )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے میں عوام کی تشویش اور پریشانی سے بخوبی آگاہ ہوں اس بارے میں لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کام کر رہا ہوں، 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالوں کیلئے ریلیف پر بھی کام ہو رہا ہے،آپریشن عزم استحکام ملک کی ضرورت، اب تو PTIبھی کانفرنس میں شرکت پر آمادہ، روس سے تعلقات اور بھی گہرے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کہنا درست نہ ہو گا کہ حکومت اور میں اس حوالے سے عوام کے جذبات اور احساسات سے لاتعلق یا لاعلم ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ 100یونٹ والے صارفین کی طرح 200بلکہ 300یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بھی ریلیف پر کام ہو رہا ہے۔جو چھوٹ یا رعایت سو یونٹ والوں کو دی جا رہی ہے اب دو اور تین سو یونٹ والوں کو بھی دینے پر غور ہو رہا ہے اس بارے میں جلد فیصلے ہونگے ۔عوام اس پر یقین رکھیں کہ ان کو ضرور ریلیف ملے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے زیادہ تفصیل بتائے بغیر کہا کہ آئی پی پی کے معاہدوں پر بھی کام ہو رہا ہے ہماری وزارت اور ٹیم اس پر کام کر رہی ہے ہم مثبت نتائج کی توقع رکھتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام ملک کی ضرورت ہے امن استحکام کیلئے یہ وقت کی ضرورت ہے اب تو اس ضمن میں آل پارٹیز کانفرنس میں شمولیت کیلئے تحریک انصاف بھی رضامند ہو گئی ہے ان دنوں میں اور بہت سے کاموں کے علاہ اس کانفرنس کے سلسلے میں بھی مصروف ہوں اس کانفرنس کا انعقاد جلد ہو گا اور اس کے نہ صرف دوررس نتائج نکلیں گے بلکہ اس سے فوری طور پر ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کی امید ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سب کو ملکر ملک میں امن استحکام لانے میں اپنا فرض قومی فریضہ سمجھ کر ادا کرنا چاہئے ۔ملک میں امن و استحکام سے معاشی خوشحالی اور ترقی جڑی ہوئی ہے امن و استحکام ہو گا تو ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھل جائیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آل پارٹی کانفرنس میں تمام قومی جماعتیں مثبت تجاویز کے ساتھ اور کھلے دل کے ساتھ شریک ہونگی۔

اہم خبریں سے مزید