اسلام آباد (خبر نگار) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں اسٹیبلیشمنٹ کی حکومت ہے ، ، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کےلئے رکھا گیا ہے ، کابینہ کے سابق رکن پرویز خٹک کی جانب سے 190ملین پاونڈز ریفرنس میں بیان ریکارڈ کروانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ وہ کچھ خاص نہیں بولا ، اس پر بعد میں جرح کے وقت بات کریں گے۔ گزشتہ روز 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ، موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ہے۔ کسی کو اس حکومت پر بھروسہ نہیں رہا۔ ملک کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہو گا۔ کون سی جمہوریت میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل ہوتے ہیں؟ میڈیا کو دبانے کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔