کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں بااثر غنڈوں کا راج،ڈی ایچ اے فیز6میں مبینہ طور پر گاڑیوں کی معمولی ٹکر پر جھگڑے میں بااثرشخص نے شہری کی گاڑی پر گولیاں چلادیں، تاہم خوش قسمتی سے شہری بال بال محفوظ رہا، تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 6 میں گاڑیوں کی معمولی ٹکر پر با اثر شخص نے شہری کی گاڑی پر گولیاں چلادیں، جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، درخشاں تھانہ میں شہری کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمہ کے مطابق کی صبح گھر سے دفتر جا تے ہوئے خیابانِ شہباز پر ٹریفک سگنل کے قریب ایک گاڑی نے اس کا راستہ روک لیا۔ اس دوران دونوں گاڑیوں میں معمولی ٹکراؤ ہوا، جس کے بعد ملزم نے اس کا تعاقب کیا۔ شہری خوفزدہ ہو کر اپنے دفتر پہنچا اور شہباز کمرشل، فیز 6 میں گاڑی پارک کی تو ملزم بھی وہاں پہنچ گیا۔ ملزم پستول لے کر گاڑی سے اترا اور دھمکیاں دینے کے بعد فائرنگ شروع کردی۔ گولیاں لگنے سے گاڑی کی ونڈ اسکرین، تین دروازوں کے شیشے اور باڈی کو نقصان پہنچا جبکہ ڈرائیونگ سیٹ پر بھی گولی لگی۔ ملزم نے شہری پر دوبارہ فائر کرنے کی کوشش کی، تاہم کمپنی کے سیکورٹی گارڈ نے مداخلت کر کے اس کی جان بچائی۔ واقعے کے بعد ملزم گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد جمع کیے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوع سے گولیوں کے چار خول ملے ہیں جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ مقدمہ اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔