• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں قبرستان کی اراضی پر مافیا کے قبضے کا نوٹس لیا جائے، مولوی عبدالمنان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے رہائشی مولوی عبدالمنان نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کی بڑھتی آبادی کے سبب قبرستان کے لئے زمین کم پڑ رہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو اپنے مردوں کی تدفین میں مشکلات کا سامنا ہے ، دوسری جانب لینڈ مافیا نے قبرستان سے ملحقہ زمینوں اور پہاڑی سلسلے پر قبضہ شروع کردیا ہے حکومت کو اس معاملے پر سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے سبب قبرستان کے لئے زمین کم پڑ رہی ہے جس سے لوگوں کو اپنےمردوں کی تدفین کے لئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ مغربی بائی پاس پر واقع جبل نور قبرستان جگہ باقی نہیں رہی ، دوسری جانب جو زمینیں قبرستان کے لئے چھوڑی گئی تھیں اس پر لینڈ مافیا نے قبضہ جمانے کے لئے زمین کو ہموار کرنے کا کام شروع کیا ہے جبکہ بدقسمتی سے بااثر افراد بھی قبضہ مافیا کی پشت پناہی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہورہی جس کی وجہ سے قبضہ مافیا کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلے کا نوٹس لے کر فوری اقدمات اٹھائے جائیں ۔
کوئٹہ سے مزید