پشاور (جنگ نیوز) پشاور شہر کا تاریخی علاقہ سکندر پورہ بازار بس سٹینڈ میں تبدیل کردیا گیا، رکشوں اور دیگر عوامی گاڑیوں کے مالکان نے علاقے میں اڈہ قائم کرلیا، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اس صورتحال سے مقامی رہائشیوں، تاجر حضرات اور دفاتر میں کام کرنے والے افراد میں تشویش کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے مطابق سڑکوں پر رکشوں اور دیگر عوامی گاڑیوں کی بھرمار سے ان کا جینا محال ہوگیا ہے، سڑک پر پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں، جبکہ پلازوں کی پارکنگ کو بھی رکشے والوں نے قبضہ کرلیا ہے، ایسے میں ذاتی گاڑی پارک کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی بس سٹینڈ کو فوراً ختم کرکے اس صورتحال میں ملوث تمام عناصر کو سخت سزا دی جائے۔