کراچی(اسٹاف رپورٹر) سالے کو قتل کرکے کراچی آنے والا داماد اپنے سسر کے ہاتھوں مارا گیا، فائرنگ کے واقعہ میں راہگیر خاتون بھی زخمی ہو گئی ،تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود یوسف عارفانی گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہ گیرخاتون بھی زخمی ہوگئی،مقتول کی لاش اور زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 45 سالہ ملک سردار عباس ولد محمد امیر اور زخمی راہ گیر خاتون کی شناخت 35 سالہ سکینہ زوجہ محمد جاوید کے نام سے کی گئی،ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون ملک سلیم کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ مقتول ملک سردار عباس کو اس کے سسر بشارت نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کرفائرنگ کرکے قتل کیا، مقتول نے 6 ماہ قبل پنجاب میں اپنے سالے کوقتل کیا تھا اور گرفتار ہوکر راولپنڈی جیل چلا گیا تھا جس کے بعد عدالت سے ضمانت ملنے پر کراچی آیا تھا،مقتول کا شاہ لطیف ٹائون میں اپنا گھر ہے جب کہ اس کا آبائی تعلق اٹک سے ہے،مقتول 3 بچوں کا باپ تھا تاہم سالے کوقتل کرنے کے واقعہ کے بعد مقتول کی بیوی اسکے بچوں سمیت الگ رہ رہی تھی،ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول کے سسر نے اپنی بیٹی کے ذریعے مقتول ملک سردارعباس کو فون کرکے صلح کے لیے بھینس کالونی موڑ نیشنل ہائی وے کے قریب بلوایا تھا، جہاں سسر بشارت نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اسے فائرنگ کرکے قتل کرکے موقع سے فرارہو گئے۔