اسلام آباد (رپورٹ :رانامسعود حسین، مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستیں دوبارہ تقسیم کرے، سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستیں کی حقدار نہیں، جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے نوٹ میں کہا کہ سنی اتحاد کونسل آئین کے مطابق مخصوص نشستیں نہیں لے سکتی، وہ امیدوار جنھوں نے دوسری جماعتیں جوائن کیں انھوں نے عوام کے مینڈٹ کی خلاف ورزی ہے، وہ امیدوار جنھوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت سرٹیفکیٹ دیے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں، انھیں پی ٹی آئی کا امیدوار قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے اپنا مشترکہ اختلافی نوٹ جاری کیا ہے جسے ، جسٹس جمال خان مندوخیل نے قلمبند کیاہے جس میں فاضل ججوں نے قراردیاہے کہ ہم اس مختصر حکم کے ذریعے ان اپیلوں، درخواستوں اور متفرق درخواستوں کو نمٹا رہے ہیں تفصیلی وجوہات بعد میں درج کی جائیں گی۔