کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ آئین کا تحفظ کرنے والے ہی اگر آئین کو پامال کریں گے تو پھر آئین کا کیا حال ہوگا ، الیکشن کمیشن کا کوئی دوش نہیں ہے وہ تو آئین اور قانون کے مطابق چل رہا تھا ، سینئر اینکر پرسن صحافی حامد میر نے کہا کہ پاکستان کے جو مقتدار ادارے ہیں پارلیمنٹ ، اسٹیبلشمنٹ ، جوڈیشری سب کے لئے ایک گولڈن چانس ہے کہ جو بھی فیصلہ آگیا ہے خواہ وہ پسند ہے یا نہیں پسند ہے فیصلے کو تسلیم کریں اور مل جل کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں ۔ یہ کوئی انڈیا پاکستان کی جنگ نہیں سیاسی اختلاف ہے تو پھر ہم کیوں مل جل کر آگے نہیں بڑھ سکتے،جو باتیں اعظم نذیر تارڑ اور رانا ثنا اللہ نے کی ہیں وہ صرف ان دو شخصیت کی رائے نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے مجھے دو تین اداروں کی ترجمانی نظر آرہی ہے،میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اس فیصلے کے بعد دو تہائی اکثریت سے محروم ہوچکی ہے جس کے بعد وفاقی حکومت وہ آئینی ترامیم نہیں کرسکے گی جس کی خواہش پچھلے کچھ عرصے میں ظاہر کی گئی تھی ۔