کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کراچی میں میرٹ کے خلاف ہاؤس جاب دینے کا انکشاف ہوا ہے۔جبکہ جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ صرف میرٹ پر آنے والوں کو پیڈ ہاؤس جاب دی گئی۔38سے زائد نمبر حاصل کرنےو الوں کو پیڈ ہاؤس جاب جبکہ 30سے زائد نمبر والوں کو اَن پیڈ ہاؤس جاب دی گئی تاہم جب ان سے ٹیسٹ میں فیل طالبہ کی پیڈ ہاؤس جاب کا لیٹر شیئر کیا گیا تو ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، اسپتال میں رواں سال ہاؤس جاب کے لئے این ٹی ایس کے ذریعے 28مئی کو ٹیسٹ لئے گئے جس میں1600سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا اور بعد ازاں این ٹی ایس کی ویب سائیٹ پر کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کر دی گئی تاہم فہرست سے ہٹ کر ناکام طلبا کو بھی ہاؤس جاب دینے کا انکشاف ہوا۔ اسپتال انتظامیہ نے ایک ایسی طالبہ کے پیڈ ہاؤس جاب (وظیفے / تنخواہ والی ہاؤس جاب) کا لیٹر جاری کیا جس نے ٹیسٹ میں صرف 13نمبر حاصل کیے ۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹ میں ناکام ایک درجن سے زائد سفارشی امیدواروں کوپیڈ ہاؤس جاب دی گئی۔ اس سلسلے میں اسپتال کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین کا کہنا تھا کہ وہ میرٹ کے خلاف ہاؤس جاب دینے کی شدید مخالف ہیں اور ایسے امیدواروں کوان پیڈہاؤس جاب (بغیر وظیفے/ تنخواہ والی ہاؤس جاب) دینے کی بھی قائل نہیں لیکن ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے احکامات پر انہیں ہاؤس جاب کا لیٹر جاری کرنا پڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید بات یا موقف ڈائریکٹر صاحب سے لیا جائے۔