• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈرل بورڈ کے نویں، دسویں امتحانات کے نتائج کا اعلان، طالبات کی سبقت

اسلام آباد ( نامہ نگار)فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے جماعت نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے میٹرک کے نتائج میں طالبات بازی لے گئیں۔ میٹرک کا مجموعی نتیجہ 88.20 فیصد جب کہ نویں جماعت کا مجموعی نتیجہ 58.71فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق میٹرک کے سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول ای ایم ای کالج کیمپس پشاور روڈ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی زبیدہ نسیم نے 1087نمبر لے کر پہلی، گلوبل سکول سسٹم رینج روڈ راولپنڈی کینٹ کی حجاب فاطمہ نے 1085 نمبر لے کر دوسری ، آرمی پبلک سکول گولڑہ کیمپس راولپنڈی کینٹ کے مصدق شہباز نے 1084اور فوجی فاؤنڈیشن ماڈل سکول مورگاہ کیمپس صفا ٹاؤن راولپنڈی کی فاطمہ واجد نے بھی 1084نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ہیومنٹی گروپ میں فیچر فاؤنڈیشن سکول مصریال روڈ کی اقصی فاروق نے 1032 نمبر لے کر پہلی ، ڈی ایچ اے سنیئر سکول برائے خواتین ڈی ایچ اے لاہور سے اونایزہ جلیل نے 1025نمبر وں سے دوسری ، انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنس سترہ میل اسلام آباد سے محمد انس نے 1014نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے وفاقی سیکرٹری تعلیم کو امتحانی نظام کے بارے میں بریف کیا۔ مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ہم سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔
اسلام آباد سے مزید