• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارکنگ فیس کی من مانی وصولی،تجاوزات کیخلاف آپریشن بھی نہ ہو سکا

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے سی او عمران علی نے شہر میں قائم سرکاری پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ کی روک تھام کے لئے پینا فلیکس اور بورڈز آویزاں کر ادیئے ہیں اب شہری اوور چارجنگ کی صورت میں دیئے گئے نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں اورشکایت درست ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر شہر بھر میں قائم پرائیویٹ پارکنگ سٹینڈز کا خصوصی ٹیم کے ذریعے سروے کیا جا رہا ہے اور ان سٹینڈز کو قانون کے دائرے میں لا کر ریگولرائز کیا جائے گا ۔ ادھر دوسری طرف حقیقت یہ ہے کہ پورے شہر میں جہاں سرعام تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات، رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیاں اور ندی نالوں پر قبضے ہو چکے ہیں وہیں پارکنگ مافیا بھی حصہ پہنچا کر من مانیاں کر رہا ہے۔ انتظامیہ کارپوریشن دفتر سے چند گز دور سڑک کے دائیں بائیں بنائے گئے موٹر سائیکل سٹینڈز پر کھڑے لوگوں کی دس روپے سے شروع ہونے والی بدعنوانی ہی روک لے تو صورتحال میں بہتری آسکتی ہے کیونکہ ان موٹر سائیکل سٹینڈز پر ملنے والی رسید پر لکھے بیس روپے مٹا کر کئی برسوں سے 30روپے لئے جا رہے ہیں ۔ کارپوریشن کے چیف افسر نے چند ہفتے قبل تجاوزات کیخلاف بھی گرینڈ آپریشن کا اعلان کیا تھا جس پر تاحال کہیں بھی عمل نہیں ہوا ۔
اسلام آباد سے مزید