کراچی (اسٹاف رپورٹر) جسٹس شفیع صدیقی نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےان سے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے بعد چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ہفتہ کو سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کاحلف لے لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، جج صاحبان، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں وکلا شریک ہوئے۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے 27 ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے طور پر فرائض انجام دینگے۔ سپریم جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کو بطور مستقل چیف جسٹس کی منظوری دی تھی۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی سابق چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد سے بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔