• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین کا سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ

بیجنگ(صباح نیوز)پاکستان اور چین نے چین پاک اقتصادی راہداری کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا ہے جو ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کا اہم منصوبہ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا اہم ستون ہے۔اس عزم کا اعادہ ترقی و منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال اور چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے چیئرمین ZHAO CHENXIN کے درمیان بیجنگ میں ایک ملاقات کے دوران کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کا مشترکہ عزم اجاگر کیا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلی قیادت کی سطح پر ہونے والے معاہدے کی روشنی میں منصوبے پر کام کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے علاقے کی سماجی اقتصادی ترقی، تجارت اور زمینی رابطوں کے فروغ میں سی پیک کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ملاقات میں ایم ایل ون منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے، شاہراہ قراقرم کے متاثرہ حصوں کی تعمیرنو اور سکھر حیدر آباد موٹروے کی تعمیر پر بھی گفتگو ہوئی جو کراچی پشاور موٹروے نیٹ ورک کا واحد نامکمل حصہ ہے۔ملاقات کے دوران ٹیکنالوجی، جدت پسندی، تعلیم، رابطوں اور قابل تجدید توانائی جیسے نئے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چین کے این ڈی آر سی کے وائس چیئرمین نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا جس میں سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز قابل ذکر ہیں۔انہوں نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے چین کے تعاون کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی کامیابی کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا۔
اہم خبریں سے مزید