کراچی(اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور بودی ورکس کے مشترکہ تعاون سے تھیٹر" دی وائٹ پلیگ" کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا، تھیٹرپلے " دی وائٹ پلیگ"21 تا25 اگست آرٹس کونسل میں پیش کیا جائے گا ، تھیٹر میں ایک سپر پاور کی طرف سے جارحانہ جنگ کی تیاری اور دنیا ایک پراسراروباء " وائٹ پلیگ" سے تباہ ہورہی ہے کی عکاسی کی گئی ہے ۔پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل محمداحمدشاہ ، فلمساز وڈائریکٹر مہرجعفری ، خالداحمد، اداکارفوادخان،کاشف حسین اور سعد ضمیر نے تھیٹر سے متعلق بریفنگ دی ۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمداحمدشاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل گزشتہ دو دہائیوں سے فن وثقافت کے مختلف شعبوں سے اشتراک کرتا آرہا ہے، آرٹس کونسل اپنی اکیڈمیز کے لیے بھی کا م کرتا ہے ،آرٹس کونسل نے پاکستان سمیت دوسرے ممالک کے ساتھ بھی اشتراک کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہر جعفری ایک فلم ساز اور ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ وفنکارہ ہیں، تھیٹر ڈائریکٹر آرٹس کونسل خالداحمد نے کہاکہ ڈرامے کی کاسٹ میں شامل تمام لوگ میرے اسٹوڈنٹس ہیں، مہرجعفری نے تمام اداکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرلیا ہے۔