کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہرکے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے، کچہری کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل حل کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کے سبزہ زار میں کھلی کچہری کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔کھلی کچہری میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ نے خصوصی شرکت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار،سب رجسٹرار ،جوائنٹ سب رجسٹرار ،پٹواری، ڈی سی آفس کے مختلف شعبوں کے افسران تمام لا اینڈ ڈیپارٹمنٹس کیسکو، میٹروپولیٹن، گیس ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسرمیل فیمیل پولیس ٹریفک ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسرایریگیشن ، واسا، پی ایچ ای، سی اینڈ ڈبلیو، ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد نے مسائل پیش کئے ،درخواستوں پر فوری احکامات جاری کئے گئے۔ سائلین نے کھلی کچہری میں پانی کی عدم فراہمی ،گیس، بجلی شہر میں صفائی، تجاوزات، مختلف سکولوں اور ہسپتالوں سے منسلک مسائل پیش کئے اور اسکے ساتھ ریونیو مسائل اور لوکل ڈومیسائل کے حوالے سے مسائل پیش کے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے دن رات متحرک ہے اور ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل اجاگر اورحل کرنا ہے ،کھلی کچہری ہر مہینے منعقد ہوگی اور اس میں تمام محکموں کے افسران شرکت کرینگے۔