کراچی( اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں پر مشتمل ملک کی65فیصد آبادی رحمت بھی اور چیلنج بھی ہے،آئندہ برس 60سے 70ہزار نرسنگ عملہ بیرون ملک بھیجیں گے، سالانہ دس سے پندرہ لاکھ نوجوانوں کو تربیت دیکر باہر بھیجنے کا پروگرام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر آراگ آڈیٹوریم میں فیکلٹی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین اور پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن، رجسٹرار اشعر آفاق، پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کالج پروفیسر صبا سہیل، ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید میمن، کوآرڈی نیٹر پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام مدیحہ اسلم ، فہد شفیق کوآرڈینیٹرپرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام سندھ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، فوکل پرسن گرین یوتھ موومنٹ کلب ، پرنسپل ڈاؤ کالج آف فارمیسی پروفیسر سنبل شمیم ، پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے منیجر فرحان خان اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ طارق شاہد بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بجلی پیٹرول وغیرہ کی بڑھتی قیمتوں کو عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کا نتیجہ قرار دیتے ہوئےاس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت کےاقدامات سے آئندہ برس آئی ایم ایف پروگرام سے باہر آجائیں گے اور اس کے فوائد بھی ہمیں حاصل ہوں گے۔